پیر 2 رجب المرجب 1442ھ 15؍ فروری2021ء

کراچی: گجر نالے کے دونوں جانب تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز

کراچی میں گجر نالے کے دونوں جانب تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز ہوگیا۔

اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر نالے کے دونوں جانب 30 فٹ کا راستہ بنایا جارہا ہے، ایک ہفتے تک سافٹ تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔

بشیر صدیقی نے کہا کہ گجر نالہ 60 فٹ سے 80 فٹ تک کلیئر کرایا جائے گا، جبکہ گجر نالے کے دونوں جانب 4 ہزار سے زائد مکانات اور دیگر اسٹرکچر گرائے جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ تمام مکینوں کو ایک ہفتے کا نوٹس دے دیا گیا ہے، اخبارات میں اشتہار کے ذریعے بھی مکینوں کو گھر خالی کرنے کہا گیا ہے۔

بشیر صدیقی نے یہ بھی کہا کہ مکانات پر نشان لگاتے وقت بھی لوگوں کو بتا دیا تھا کہ مکان تجاوزات کی زد میں آئیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سروے کے دوران متاثرین کے شناختی کارڈ کی کاپی لی گئی ہے، متاثرین کو حکومت سندھ کی پالیسی کے مطابق دو سال کا کرایہ دیا جائے گا۔

بشیر صدیقی نے کہا کہ محمود آباد نالے پر ایک جانب سے کام کیا گیا اس لیے زیادہ وقت لگا، گجر نالے پر دونوں جانب سے ایک ساتھ کام کا آغاز کیا گیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ تمام ادارے سپریم کورٹ کے احکامات کے تابع ہیں، سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد تمام اداروں کا یہ مشترکہ آپریشن ہے۔

بشیر صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ گجر نالہ ایک ماہ میں کلئیر کرانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.