بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: غریب آباد میں پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، ترجمان واٹر بورڈ

صوبائی وزیرِ داخلہ ناصر حسین شاہ کی قائم کردہ اینٹی واٹر تھیفٹ ٹیم نے لیاقت آباد کے علاقے غریب آباد میں فرنیچر مارکیٹ کے قریب لیاری ندی میں کارروائی کرتے ہوئے واٹر بورڈ کا پانی چوری کرنے والے ایک اور نیٹ ورک کو توڑ دیا۔

ترجمان واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) کے مطابق واٹر مافیا نے لیاری کو پانی سپلائی کرنے والی 33 انچ قطر کی لائن سے 3 کنکشن لے رکھے تھے۔

ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ مرکزی لائن سے پانی چوری کے کنکشن لے کر اوپر تجاوزات کرکے گھر بنا دیے گئے، جبکہ ملزمان نے دکھاوے کے لیے ندی میں بورنگ کا نظام بھی بچھایا ہوا ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق چوری شدہ پانی دکھاوے کے لیے زیر زمین بڑے واٹر ٹینکس میں جمع کیا جاتا ہے، جمع شدہ پانی کو زیرِ زمین ظاہر کر کے انڈسٹری کو مہنگے داموں بیچا جاتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ توڑی گئی چار بڑی لائنوں سے پانی کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں جبکہ پانی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تیاری کی جارہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.