پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے جماعتی حکمتِ عملی سے روگردانی کرنے والے دو ارکان اسلم ابڑو اور شہریار خان شر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کی بنیادی جماعتی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم واحتساب غربی سندھ کراچی کی جانب سے متفقہ فیصلہ جاری کیا گیا ہے، پی ٹی آئی کا اپنی جماعت کے 2 ارکان کے خلاف اقدام اٹھاتے ہوئے پی ایس ون جیکب آباد سے اسلم ابڑو اور پی ایس 18 گھوٹکی سے شہریارخان شر کی صوبائی اسمبلی کی بنیادی جماعتی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔
تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے دونوں ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
تحریک انصاف کے مطابق سینٹ انتخابات کے دوران اسلم ابڑو اور شہریار خان شر نے جماعتی احکامات سے روگردانی کی تھی۔
دونوں ارکان سندھ اسمبلی کو صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا، شواہد کی پڑتال اور ملزمان کی جانب سے صفائی پیش نہ کیے جانے پرمعاملہ نمٹایا گیا ہے ۔
پی ٹی آئی سندھ کے مطابق الیکشن کمیشن سے رجوع کرکے دونوں ارکان سےسندھ اسمبلی کی رکنیت واپس لی جائے گی۔
Comments are closed.