نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں ملک بھر میں رات 8 بجے تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
این سی او سی میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھرمیں ہفتے میں دو دن کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی، ریسٹورنٹ اور ہوٹلز میں ہر قسم کی اِن ڈور ڈائننگ پر پابندی ہو گی۔
اعلامیے کے مطابق رات دس بجے تک صرف آؤٹ ڈور ڈائننگ اور ٹیک اوے کی اجازت ہوگی، ایس او پیز کے ساتھ 300 افراد تک کے اجتماعات کی اجازت ہوگی۔
این سی او سی کے مطابق بند مقامات پر ہونے والے تمام ثقافتی، موسیقی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ،جبکہ ملک بھر میں سینما اور مزارات مکمل بند رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق شادی کی آؤٹ ڈور تقریبات 2 گھنٹےکے لیے ہوں گی، کسی ان ڈور تقریب کی اجازت نہیں ہوگی۔
این سی او سی اجلاس کے فیصلے کے مطابق تمام سرکاری، نجی دفاتر، عدالتوں میں 50 فیصد گھر سےکام کرنے کی پالیسی اختیار ہوگی۔
این سی او سی کے مطابق تمام تفریحی پارک بند رہیں گے ،تاہم واک اور جوگنگ ٹریک کھلے رہیں گے،انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چلائی جائے گی، ریل سروس 70 فیصد گنجائش کے ساتھ چلائی جائے گی ،وفاق کی تمام اکائیاں ماسک پہننے کو لازمی بنائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق تعلیمی شعبے سے متعلق فیصلوں کا 24 مارچ کو جائزہ لیا جائے گا۔
Comments are closed.