جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

لاہور: 6 افراد قتل کیس، ملزم افنان کی عمر کا ٹیسٹ کل ہوگا

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں گاڑی کی ٹکر سے 6 افراد کے جاں بحق ہونے کے کیس میں گرفتار ملزم کا ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم افنان شفقت کی عمر کے تعین کے لیے کل ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت کے معاملے کی تحقیقات کے دوران نئے انکشافات سامنے آگئے۔

پولیس کے مطابق ملزم افنان شفقت کے زیر حراست دوست ابراہیم سے بھی تفتیش جاری ہے۔

لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔

پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق کم عمر ڈرائیور افنان کی حادثے سے قبل جاں بحق افراد کے ساتھ جھڑپ ہوئی تھی، افنان وائی بلاک سے گاڑی میں بیٹھی خواتین کا کافی دیر تک پیچھا کرتا رہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وقوعہ کے وقت گاڑی میں 4 دوست افنان، ابراہیم، سعد اور علی موجود تھے۔

متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے کئی بار گاڑی کی اسپیڈ تیز کی کہ افنان پیچھا چھوڑ دے تاہم ملزم افنان نے گاڑی کا پیچھا نہیں چھوڑا اور مسلسل خواتین کو ہراساں کرتا رہا۔

وائی بلاک نالے پر متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے گاڑی روک کر افنان کو ڈانٹا اور دوسری گاڑی سے حسنین کے والد نے بھی ملزم افنان کو سمجھایا کہ خواتین کو ہراساں مت کرو لیکن اس دوران ملزم افنان انہیں دھمکیاں اور گالیاں دیتا رہا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.