قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد عامر عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس پر دیگر کھلاڑیوں کی جانب سے محمد عامر کی صحتیابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
گزشتہ روز محمد عامر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی صحت سے متعلق ایک ٹوئٹ کی گئی تھی جس میں اُن کا بتانا تھا کہ ’ میں کورونا وائرس کا شکار ہوگیا تھا لیکن اب بہتر ہوں۔‘
اُن کا اپنی ٹوئٹ میں مزید کہنا تھا کہ ’مجھے مکمل صحتیابی کے لیے دعاؤں کی ضرورت ہے، کورونا وائرس ہونے کے سبب ہی اس سال ٹی 10 لیگ نہیں کھیل رہا۔‘
فاسٹ بالر محمد عامر کی جانب سے کی گئی اس ٹوئٹ کے بعد جہاں کرکٹ شائقین اور محمد عامر کے مداحوں نے اُن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا وہیں ساتھی کرکٹرز نے بھی اُنہیں صحتیابی کی دعائیں دیں۔
محمد عامر کو جَلد صحتیاب ہونے کی دعائیں دینے والوں میں کرکٹر حسن علی، سرفراز احمد، سہیل تنویر اور عتیق الزمان سر فہرست ہیں۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عامر رواں سال ٹی 10 لیگ نہیں کھیل سکیں گے۔
Comments are closed.