اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی اپنے سیاسی حریف وزیراعظم عمران خان کی صحت یابی کےلیے دعا کی ہے۔
لاہور کے علاقے گلبرگ میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے عمران خان کی کورونا وائرس کا شکار ہونے کی اطلاع پر دعائیہ کلمات کہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پتا چلا ہے کہ عمران خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، میں اُن کی شفاء یابی کےلیے دعا گو ہوں۔
پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ تحریک ملتوی کرنے سے قوم کو مایوسی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی نے وقت مانگا ہے حتمی باتیں کہنا مناسب نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ قوم مایوس نہ ہو پی پی ایک بڑی پارٹی ہے، ہم سخت فیصلہ نہیں کرنا چاہتے، کسی ایک پارٹی کو قربان نہیں کرسکتے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ سیاسی سوچ کو تسلیم کرلینا چاہیے، عوام کی نمائندہ جماعت لانا ہوگی، اس کے لیے ملک میں انتخاب آئین کے تحت کروائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اعتراف کرلیا ہے کہ ہمیں اپنا گھر ٹھیک کرنا چاہیے، گھر تب ہی ٹھیک ہوگا جب ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے دوران گفتگو واضح طور پر کہا کہ کسی حکومتی نمائندے کو ہماری پارٹی کا نمائندہ بننے کی ضرورت نہیں۔
Comments are closed.