پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے لیجنڈری بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کو اپنا پسندیدہ دشمن قرار دیتے ہوئے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے سوشل میڈیا پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
شعیب اختر نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنے کرکٹ کے دنوں کی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر پاک بھارت میچ کی ہے جس میں سچن ٹنڈولکر بیٹنگ کررہے ہیں جبکہ شعیب اختر بولنگ کر رہے ہیں۔
شعیب اختر نے یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ان کے ساتھ کرکٹ گراؤنڈ میں میری سب سے پسندیدہ دشمنی تھی۔‘
اُنہوں نے سچن ٹنڈولکر سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’بڈی! جلدی سے ٹھیک ہوجاؤ۔‘
واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر نے گزشتہ دنوں ہی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک اہم اطلاع دی تھی جس میں اُنہوں نے بتایا تھا کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر نے کہا تھا کہ اُنہیں کورونا کی ہلکی علامات ظاہر ہوئی ہیں جبکہ اُن کے گھر کے تمام افراد کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
سچن ٹنڈولکر نے مزید کہا تھا کہ اُنہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا ہے اور ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرلی ہیں۔
Comments are closed.