عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے سینیٹ الیکشن میں سپورٹ کرنے پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پشاور میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب میں ایمل ولی خان نے کہا کہ ہمارے 12 ارکان تھے پھر ہمارا سینیٹر کامیاب ہوا، اس الیکشن میں سپورٹ کرنے پر جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں منڈیاں لگائی گئیں، ہمارے ایم این ایز نے تمام پیشکشوں کو ٹھکرایا، اے این پی ممبران نے اپنے امیدوار کو کامیاب کرا کر اپنا حق ادا کیا۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا ہمارے کارکنان بہترین جواب دے رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج خواتین کا عالمی دن ہے، ہماری روایات میں خواتین کو عزت دینا شامل ہے، ہم نے خواتین کو وزارتیں دیں کیونکہ ان کی قابلیت پر پورا اعتماد تھا۔
اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر نے یہ بھی کہا کہ بہنوں اور بیٹیوں کا خیال رکھیں اور انہیں وراثت میں ان کا حق دیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام میں جو حقوق دیئے گئے ہیں وہ اپنی بہنوں اور بیٹیوں کو دیں، لڑکوں کے ساتھ لڑکیوں کو بھی تعلیم دلوائیں۔
Comments are closed.