بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سوات : کورونا وائرس نے مزید 4 افراد کی جان لے لی

خیبر پختون خوا کے مالاکنڈ ڈیویژن کے ضلع سوات میں کورونا وائرس نے مزید 4 افراد کی جان لے لی۔

سوات کے سیدو شریف اسپتال میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 29 مریض داخل کیئے گئے۔

ترجمان سیدو شریف اسپتال ڈاکٹر نجیب اللّٰہ کے مطابق سیدو شریف اسپتال میں اس وقت 146 کورونا وائرس کے مریض زیرِعلاج ہیں جبکہ 29 نئے کورونا مریضوں کو داخل کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کی تیسری لہر کا سب سے بڑا وار سامنے آگیا، جس سے پاکستان میں مزید 201 افراد انتقال کر گئے، یہ ملک میں کورونا وائرس سے یومیہ اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 16 ہزار 523 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے اب تک یہاں کُل اموات 3 ہزار 238 ہو چکی ہیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 480 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 151 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 3 ہزار 699 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح ساڑھے 9 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 680 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 15 ہزار 711 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 57 ہزار 13 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 17 لاکھ 39 ہزار 27 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 89 ہزار 838 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 263 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 7 لاکھ 8 ہزار 193 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.