بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ: کورونا پابندیاں مزید نرم، بازار ہفتہ بھر کھلیں گے

کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے باعث دکانوں کے شٹر اب ایک روز بھی نہیں گریں گے، ہفتہ بھر بازار کھل سکیں گے، کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لگوانے والے سینما ہال جا سکیں گے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے قائم کیئے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی سفارش پر حکومتِ سندھ نے بندشیں ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے بیماری کے کم پھیلاؤ اور ویکسی نیشن مہم کے تناظر میں یہ نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 893 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 24 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 13 ہزار 848 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 69 فیصد پر آ گئی۔

فیصلے کے مطابق صوبے بھر میں موجود مزارات پر بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے والوں کو جانے کی اجازت ہو گی، تاہم ماسک کا استعمال لازمی ہو گا۔

سندھ میں شادی کی اِن ڈور تقریبات میں 300 مہمانوں کو جبکہ آؤٹ ڈور تقریب میں 500 افراد کو شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں ریسٹورنٹس اور بازاروں کے اوقات کار برقرار رہیں گے، سینما ہال رات 1 بجے تک کھولے جا سکیں گے، جہاں صرف ویکسینیٹڈ افراد جا سکیں گے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 23 کروڑ 90 لاکھ 51 ہزار 169 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 48 لاکھ 73 ہزار 249 ہو گئیں۔

محکمۂ داخلہ سندھ کا اپنے نوٹیفکیشن میں کہنا ہے کہ بند مقامات پر 300 اور کھلے مقامات پر 1000 افراد کا اجتماع منعقد کیا جا سکے گا، تاہم اجتماعات میں ویکسینیٹڈ افراد ہی شرکت کر سکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سندھ بھر میں اب امیوزمنٹ پارکس اور سوئمنگ پولز کھولے جا سکتے ہیں۔

محکمۂ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیا گیا یہ نوٹیفکیشن 31 اکتوبر تک نافذ العمل رہے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.