
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین اور پاکستان ٹیلی وژن کی پہلی خاتون میزبان کنول نصیر کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ’پاکستان کی پہلی خاتون میزبان کنول نصیر اور معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین کے انتقال کی خبر سُن کربہت دُکھ ہوا۔‘
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ’دونوں خواتین نے بہترین فن سے خود کو منوایا اور پاکستان کانام روشن کیا۔‘
اُنہوں نے دونوں مرحومین کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ ’پروردگار کنول نصیر اور حسینہ معین کو جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر و جمیل عطا فرمائے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کی پہلی خاتون میزبان کنول نصیر انتقال کرگئیں۔
خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ کنول نصیر علالت کے باعث گزشتہ چند روز سے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔
کنول نصیر ریڈیو پاکستان کی لیجنڈ موہنی حمید کی صاحبزادی اور تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کی خوشدامن تھیں۔
دوسری جانب معروف ڈرامہ نویس، مصنفہ اور مکالمہ نگار حسینہ معین 79 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئیں۔
ڈرامہ نگار حسینہ معین کے بھتیجے سعید کا کہنا تھا کہ حسینہ معین لاہور جانے کے لیے تیار ہو رہی تھیں کہ اچانک دل کا دورہ پڑا۔
Comments are closed.