بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

این اے 249: ن لیگ کا انتخابی جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان

مسلم لیگ (ن) سندھ نے این اے 249 کے ضمنی الیکشن کے لیے منعقدہ جلسہ عام ملتوی کردیا۔

ن لیگ سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ اور عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید کی موجودگی میں مفتاح اسماعیل نے انتخابی جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے آج کراچی آنا تھا، اُن کی آمد پر بلدیہ میں بڑے انتخابی جلسے کا اہتمام کیا گیا تھا۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ آج کے جلسے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے جمع ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے جلسے کو ملتوی کردیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم انتخابی مہم کے دوران کورونا وائرس کے پیش نظر بڑے جلسے نہیں کریں گے، گھر گھر جاکر انتخابی مہم چلائیں گے۔

ن لیگی امیدوار نے یہ بھی کہا کہ این اے 249 کا ضمنی انتخاب منسوخ کرنے کی باتیں کرنے والے دراصل الیکشن سے بھاگنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حلقے میں احساس پروگرام کے کارڈز بانٹے جارہے ہیں، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے اس حلقے میں کوئی کام نہیں کیا، پہلی ترجیح حلقے کے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی ہوگی۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ بھرپور مدد کرنے پر اے این پی کا شکر گزار ہوں، جے یو آئی ف اور جے یو پی نے بھی الیکشن مہم میں بھرپور مدد کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شاہی سید نے کہاکہ اچھی بات ہے کورونا کی وجہ سے مریم نواز کا جلسہ منسوخ کیا گیا، 2018 میں بھی ہماران لیگ سے اس نشست پر اتحاد ہوا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.