وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا یوم پاکستان کے موقع پر کہنا ہے کہ قائد اعظمؒ نے بھی کشمیر کو شہ رگ کہا، ہم اس کے بغیر نہیں رہ سکتے، اس دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے مزار قائد پر حاضری دی گئی، اس دوران سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استقبال بھی کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، مراد علی شاہ کی جانب سے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے گئے۔
یوم پاکستان پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ یہ ملک ہمارے بزرگوں نے قربانیوں، جدوجہد اور جذبے سے قائم کیا، قرارداد پاکستان مسلمانوں کے لیے ایک الگ مملکت کے قیام کی بنیاد بنی، پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو یکساں آزادی ہے، آج پاکستان کی حفاظت اور اس کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا جائے۔
مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کرنا چاہیے، اقوام متحدہ نے فلسطینی عوام کے لیے بھی قرارداد منظور کی، ہمیں اپنے فلسطینی بھائیوں کو بھی آج کے دن یاد رکھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان مواقع کے علاوہ بھی گورنر سے ملاقات ہوتی رہتی ہیں، شہر میں بارشوں کے بعد مسائل ہوئے تھے ہم نے ان کے حل کے لیے لبیک کہا، کراچی کمیٹی کی میٹنگز بھی ہوتی رہتی ہیں، ہم وفاق سے ملتے رہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی نے مزید کہا کہ وفاق کو کہا گیا ہے کہ اسپتالوں کے لیے سپریم کورٹ نے طریقہ کار بتائے تھے، سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ وفاق وہ اسپتال صوبے کو دے سکتے ہے، ہم نے وفاق کو کہا تھا جو طریقہ کار بتائے گئے ہیں اس پر عمل کریں، وفاق نے خود کہا کہ صوبہ اچھے سے ان اسپتالوں کو چلا رہا ہے، وفاق نے کہا تھا کہ ہم تو پمز بھی نہیں چلاسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ اس پر نظرثانی کریں، افسران سے متعلق پالیسی موجود ہے، وفاق اس پالیسی پر فیصلہ کرے، یہ ہیڈ ماسٹر ہم نے خود رکھے تھے آئی بی اے کے تحت، کورٹ نے پبلک سروس کمیشن کی پابندی لگادی تھی، یہ ہیڈ ماسٹر نہ وہ امتحان دے رہے ہیں نہ ہی بچوں کو پڑھا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم ان سے ملتے ہیں میں بھی مل لوں گا، مگر ان کو قانون دیکھنا ہوگا، بلدیاتی الیکشن کے لیے حلقہ بندی ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان صاحب کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے ان کے لیے دعا گو ہیں۔
دوسری جانب عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی خواہش ہوتی ہے کہ میڈیا کے بغیر ملیں، میں وزیراعلیٰ کو کہتا ہوں کہ ہمیں میڈیا کو آگاہ کرنا چاہیے۔
عمران اسماعیل نے اسپتالوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات تھے کہ یہ اسپتال وفاق چلائے، مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں میں کوئی بہت بڑی دوری نہیں ہے، پی ڈی ایم کے معاملے پر کچھ دوریاں پیدا ہوئیں تھی، کچھ تحفظات وفاق اور صوبے کو ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔
Comments are closed.