کچھی فائرنگ واقعہ کے خلاف کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے سامنے لواحقین کا دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر یار محمد رند کا شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ لواحقین ہائی کورٹ اور اسمبلی کے درمیان بیٹھے ہیں مگر حکومت کو کوئی احساس نہیں، ہم جانتے ہیں کہ قاتلوں کی عدم گرفتاری کے پیچھے کیا محرکات ہیں۔
یار محمد رند نے کہا کہ ہم وزارت، نوکری یا حمایت نہیں بلکہ صرف انصاف مانگ رہے ہیں، قاتلوں کی گرفتاری کے لئے مہلت ختم ہوگئی، جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
قبل ازیں یار محمد رند نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم ہماری جان اس وزیراعلیٰ سے چھڑوا دیں، پارٹی عہدے دار ہوتے ہوئے درخواست کرتے ہیں کہ انصاف دو، عمران خان صاحب آپ بائیس کروڑ عوام کے سامنے جواب دہ ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں کچھی کی تحصیل بالاناڑی میں فائرنگ کے واقعہ میں دو بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے تھے۔
Comments are closed.