الیکشن کمیشن کے قواعد میں تبدیلی سے متعلق صدارتی آرڈیننس پر پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے ردعمل میں کہا ہے کہ الیکشن مہم میں ارکان پارلیمنٹ، وزراء کے حصہ لینے سے متعلق آرڈیننس غیر آئینی ہے، وفاقی حکومت کے پاس الیکشن کمیشن کے ضوابط میں تبدیلی کا اختیار نہیں۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کو ضوابط میں تبدیلی کی صرف سفارش کرسکتی ہے، حکومت الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ پر مسلسل ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدارتی آرڈیننس لانے کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس منسوخ کیا گیا، صدر پاکستان الیکشن ایکٹ میں اپنی مرضی کی تبدیلی نہیں کر سکتے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے سوال کیا کہ وزراء کو الیکشن مہم چلانے کی کیسے اجازت دی جا سکتی ہے؟ وزراء مالی وسائل کو الیکشن پر اثرانداز ہونے میں استعمال کرسکتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف ضمنی اور بلدیاتی الیکشن میں شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے، الیکشن کمیشن ضوابط میں تبدیلی کا آرڈیننس الیکشن چوری کی نئی سازش ہے، آرڈیننس کے ذریعے حکومت انتخابات کو متنازع بنا رہی ہے۔
Comments are closed.