اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تھوڑی غربت کم ہوئی ہے اسے اپنی کامیابی سمجھتا ہوں، بہت جلد ایسے لوگوں تک پہنچنے والے ہیں جو ٹیکس نہیں دیتے۔
ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم ”راست“ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عوام ملک کی طاقت ہوتی ہے، ہم عوام کو ڈیجیٹل نظام کی طرف لے جانے کے خواہاں ہیں، 22 کروڑ آبادی کو اثاثہ بنا کر جدید نظام سے ہم آہنگ کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بینک والے سوٹ اور انگریزی دیکھ کر لوگوں کو لون دیتے ہیں، عام لوگوں تو بینکوں سے ڈرتے تھے، محنت کش کے پاس بینکوں کے چکر لگانے کا وقت نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ امیر طبقہ ٹیکس نہیں دیتا، 22 کروڑ عوام میں سے صرف 20 لاکھ لوگ ٹیکس دیتے ہیں، لوگوں کے گھروں میں مہنگی گاڑیاں کھڑی ہیں لیکن ٹیکس نہیں دیتے، ہماری اولین ترجیح غریب کو اوپر لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا میں آگے بڑھنے کے لیے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ہوگا، ایف بی آر میں بھی جدید نظام متعارف کروائیں گے، “راست” کی تیاری میں اسٹیٹ بینک کا بہترین کردار ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے وطن پیسے بھجوانا مشکل ترین مرحلہ ہوتا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی وجہ سے ہی ترسیلات زر کی بہتری میں اہم کردار ہے۔
عمران خان نے کہا کہ امیر ترین ممالک میں بھی غربت میں اضافہ ہوا، ہمیں خیبر پختون خوا میں اس لیے ووٹ ملے کیوں کہ ہم نے وہاں غربت کم کی، یو این ڈی پی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ خیبر پختون خوا میں غربت کم ہوئی۔
Comments are closed.