بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

خانیوال واقعہ: قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے خانیوال واقعہ کا نوٹس لینتے ہوئے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس ہے، ہجوم کے ہاتھوں تشدد اور قانون ہاتھ میں لینے پر سنجیدگی سے نمٹا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ذمہ داریاں نبھانے میں ناکامی پر پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیراعظم نے آئی جی پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔

گزشتہ روز ضلع خانیوال میں مشتعل ہجوم نے ایک شخص کو مبینہ توہین مذہب کے بعد بہیمانہ تشدد کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق واقعہ خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں پیش آیا۔

واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے وائرل ہیں، ویڈیوز میں ہجوم کے ایک شخص کو اینٹوں اور پتھروں کا نشانہ بنانے اور لاش کو درخت سے لٹکانے کے مناظر ہیں۔

خانیوال کی پولیس اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کے دفتر نے واقعہ کی تصدیق کر دی۔ واقعہ میں مقامی تھانے کے ایس ایچ او سید اقبال شاہ کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے وقت پولیس حالات کو سنبھالنے وہاں پہنچی تو مشتعل ہجوم نے پولیس پر بھی پتھراؤ کیا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کی ہے۔

You might also like

Comments are closed.