وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کہتے ہیں کہ شاید اپوزیشن انتخابات میں پیسے کے کلچر کو ختم نہیں کرنا چاہتی، اپوزیشن چاہتی ہے تمام چیزیں پرانے پاکستان کی بنیاد پر ہوں۔
وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرانے پاکستان میں لوگوں کو خریدا جاتا تھا اپوزیشن یہ ہی چاہتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ الیکشن کی شفافیت پر مخالفت سمجھ سے باہر ہے، ماضی میں ہر الیکشن پر انگلی اُٹھائی گئی، ایک ایسا نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں کہ کوئی سینیٹ الیکشن پر انگلی نہ اُٹھائے۔
شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سینیٹ الیکشن میں شفافیت کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کررہی ہے، مجھے سینیٹ الیکشن کے لیے وزیر اعظم نے دوسری بار ٹکٹ دیا جو اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمیں قانون سازی سے متعلق مشکلات کا سامنا رہا، سینیٹ میں ہماری اکثریت سے قانون سازی میں درپیش رکاوٹیں دور ہوجائیں گی، اپوزیشن یہ فرق ختم کرنا چاہتی ہے جو ہم ہیں وہی وہ ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں پیسے کا کلچر ختم ہوگا تو عام لوگوں کو عوام کی خدمت کا موقع ملے گا، یقین ہے پی ٹی آئی کے اراکین پارٹی کے نامزد اُمیدواروں کو ووٹ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم سینیٹ انتخابات میں ووٹ کی خرید و فروخت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
Comments are closed.