بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اپوزیشن میں سچ سننے کی ہمت نہیں ہے، اسد عمر

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں سچ سننے کی ہمت نہیں ہے، ن لیگ 4 اور پیپلز پارٹی 7 بار آئی ایم ایف کے پاس گئی۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہ معیشت کو تباہ کرکے گئے تھے، آئی ایم ایف سے معاہدے کی مخالفت کرنے والی ن لیگ خود کئی مرتبہ اُس کے پاس گئی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر میثاق معیشت کی بات کرتے ہیں، نواز شریف کی 3 بار حکومت بنی، انہوں نے اپوزیشن سے کون سا میثاق معیشت کیا تھا؟

اسد عمر کی تقریر کے دوران ن لیگی ارکان احتجاج کرتے اور شور مچاتے رہے، اسپیکر نے انہیں بار بار خاموش رہنے کی ہدایت کی تو اسد عمر نے کہا کہ ان میں سچ سننے کی ہمت نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ریکارڈ پر ہے کہ ن لیگ والوں نے فیٹف بل کی مخالفت کی، یہ آصف زرداری کو علی بابا چالیس چور کہتے تھے، یہ کہتے تھے کہ پیٹ پھاڑوں گا، سڑکوں پر گھیسٹوں گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف کے قریبی ساتھی پرویز رشید، مریم نواز سے بات کرتے ہیں تو صحافیوں کو کتوں کی طرح بھونکنے سے تشبیہہ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ میں تحریک انصاف کی حکومت کے دوران نہیں گئے، فیٹف نے مسلم لیگ ن کی حکومت کے دوران گرے لسٹ میں ڈالا۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ لگتا ہے شہباز شریف کو غلط اعداد و شمار دے کر بےعزت کرایا جارہا ہے، پاکستان کی معیشت میں کورونا کے باوجود 4 فیصد اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال ہماری جی ڈی پی 5 فیصد تک ہوئی، اس سال ہدف 4 اعشاریہ 8 فیصد ہے مگر یہ 5 فیصد سے زیادہ ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ حکومت میں گندم کی امدادی قیمت میں صرف 100روپے اضافہ کیا گیا، تحریک انصاف کی حکومت نے گندم کی امدادی قیمت میں 550 روپے اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب یہ حکومت چھوڑ کر گئے تھے تو کیا دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی تھیں، مفتاح اسماعیل کا کلپ موجود ہے، جنہوں نے تسلیم کیا تھا معاشی ٹائٹنک ڈوب رہا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ ن لیگ نے 3800 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا، ہم نے کورونا کے دوران 48 سو ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا، ہم اس سال 6 ہزار ارب ٹیکس اکٹھے کریں گے۔

وفاقی وزیر نے استفسار کیا کہ ہم ان سے کیا سیکھیں گے کہ ٹی ٹیز کیسے بھیجی جاتی ہیں؟ ہم ان سے کیا سیکھیں گے نوکروں کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے کیسے بھیجےجاتے ہیں؟

اسد عمر نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے 47 فیصد زیادہ پیسے پاکستان بھیجے ہیں، پچھلے سال پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ سیمنٹ فروخت ہوا، پچھلے سال 23 لاکھ نوکریوں کا اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے جن کمپنیوں سے ایل این جی ڈیل کی انہی سے عمران خان نے کم قیمت پر ڈیل کی، وزارت پیٹرولیم کو مبارکباد جس نے اچھے انتظامات کرکے لوگوں کو گیس فراہم کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.