اسلام آباد/کوئٹہ(آن لائن+اے پی پی) الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات2021ء کا شیڈول جاری کردیاہے۔سینیٹ الیکشن3مارچ بدھ کو ہوں گے ۔ صبح 9بجے سے5بجے تک سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں میںہوگی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 12 سے 13 فروری تک وصول کیے جائیں گے۔کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 15 اور 16 فروری کو ہوگی۔کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں 17 اور 18 فروری کو دائر کی جاسکیں گی۔ اپیلوں پر الیکشن کمیشن 19 اور 20 فروری کو فیصلہ کرکے نمٹائے گا۔ 21 فروری کو امیدواروں کی فہرستیں جاری کی جائیں گی ۔ امیدوارچاہیں تو22فروری تک دستبردارہوسکتے ہیں جبکہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ پارٹی ٹکٹ لگانا لازمی ہوگا۔صبح 9بجے سے5بجے تک سینیٹ انتخابات کے لیے 46 نشستوں پرپولنگ قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی ۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کے لیے ریٹرننگ افسران مقرر کردیے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق متوقع امیدواروں کے لیے کاغذات نامزدگی کی فراہمی جاری ہے۔آزاد امیدواروں کے سوا باقی تمام امیدواروں کے لیے پارٹی ٹکٹ فراہم کرنا لازم ہوگا۔الیکشن کمیشن نے انتخابی اخراجات کی حد 15 لاکھ روپے مقررکی ہے۔انتخابی اخراجات کے لیے امیدوار بینک اکائونٹ کھلوائیں اور بینک اکائونٹ میں 15 لاکھ روپے سے زاید رقم نہ رکھی جائے۔ سینیٹ کے اجزائے ترکیبی کے لحاظ سے کل ارکان کی تعداد 104ہے۔ ایوان میں چاروں صوبوں سے کل 23 ارکان ہیں جن میں سے 14 عمومی ارکان، 4 خواتین، 4 ٹیکنوکریٹ اور 1 اقلیتی رکن ہے۔فاٹا سے 8 عمومی ارکان سینیٹ کا حصہ ہیں۔ اسلام آباد سے کل 4 ارکان ہیں جن میں سے 2 عمومی، جب کہ ایک خاتون اور ایک ہی ٹیکنوکریٹ رکن ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے سینیٹ الیکشن میں پارٹی امیدواروں سے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد سینیٹ انتخاب میں پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں فوری جمع کرادیں۔دوسری جانب آن لائن کی ایک ر پورٹ کے مطابق اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کوسینیٹ کا الیکشن لڑانے کا فیصلہ کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم نے سینیٹ الیکشن مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی سلسلے میں سابق و زیر اعظم اور پیپلزپارٹی کے وائس چیئرمین یوسف رضا گیلانی پہلے مشترکہ امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں ۔پیپلزپارٹی پارٹی قیادت کی ہدایت پر یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے جس کے لیے یوسف رضا گیلانی نے اپنا ووٹ بھی پنجاب سے اسلام آباد منتقل کرا لیا ہے ۔ تمام جماعتوں نے یوسف رضا گیلانی کو کامیاب کرانے کیلیے تعاون کی یقین دہانی بھی کرادی ہے ۔
The post سینیٹ انتخابات 3مارچ کو ہوں گے‘ شیڈول جاری appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.