بلوچستان حکومت نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کردیں، تین سال میں ترتیب دیے جانے والے نئے بلدیاتی ایکٹ پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا غور جاری ہے، صوبائی کابینہ کی جانب سے نئے بلدیاتی ایکٹ کی منظوری کے بعد بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
محکمہ بلدیات کے حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے بعد بلوچستان حکومت نے بھی صوبے میں نئے بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
حکام کے مطابق صوبے میں آئندہ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوں گے، نیا بلدیاتی ایکٹ تیار کرکے بلوچستان کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے ، جو اس کا مکمل جائزہ لے کر منظور ی کیلئے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کرے گی۔
محکمہ بلدیات کے حکام کے مطابق اگر صوبائی کابینہ نے نئے بلدیاتی ایکٹ کی منظوری دے دی تو آئندہ بلدیاتی انتخابات نئے بلدیاتی ایکٹ کے مطابق ہوں گے، جس کے تحت صوبے میں 27 میٹروپولیٹن کارپوریشن بنائی جائیں گی، اگر کابینہ نے اس ایکٹ کی منظوری نہیں دی تو بلدیاتی انتخابات پرانے طریقہ پرہوں گے۔
Comments are closed.