کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ایک شہری کار کی ٹینکی پیٹرول سے فل کرا کر پیسے دیے بغیر ہی فرار ہوگیا۔ جانچ پڑتال کے دوران گاڑی بھی مسروقہ نکلی۔
پولیس ذرائع کے مطابق کراچی شرقی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 11 میں ایک شہری سفید ہنڈا سوک کار نمبر اے ای ڈی 006 میں پہنچا اور پیٹرول پمپ ملازم سے کار میں تین ہزار روپے کا پیٹرول ڈالنے کا کہا۔
پیٹرول پمپ انتظامیہ کے مطابق ملازم نے پیٹرول کار میں ڈالا جس سے کار کی ٹنکی فل ہوگئی۔
پیٹرول پمپ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ جونہی پمپ ملازم نے کار میں پیٹرول کی فلنگ مکمل کی اور ٹینکی کا ڈھکن بند کیا تو کار سوار انجن اسٹارٹ کرکے تیزی سے فرار ہوگیا۔
ہنڈا سوک کار کی رجسٹریشن چیک کی گئی تو سندھ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے پورٹل سروس میں کار نمبر اے ای ڈی 006 کا ریکارڈ کلئیر نہیں ہے۔
سی پی ایل سی ذرائع کے مطابق یہ کار چوری شدہ ہے۔ پیٹرول پمپ انتظامیہ نے پولیس کو آگاہ کر دیا ہے۔ پولیس ملزم اور گاڑی کی تلاش کر رہی ہے۔
Comments are closed.