راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کی ٹیم پاکستان کے 272 رنز کے جواب میں ابتداء سے ہی دباؤ کا شکار نظر آرہی ہے اور اس کے 2 کھلاڑی 26 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن کھانے کے وقفے کے بعد 272 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، فہیم اشرف 78 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دوسرے دن کے کھیل کا آغاز پاکستان کیلئے مایوس کن انداز میں ہوا اور گزشتہ روز کی سیٹ جوڑی بابر اعظم اور فواد عالم جلد ہی آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے 145 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگ کا آغاز کیا تو کپتان بابر اعظم آج کے دن میں اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی نورٹجی کا شکار بن گئے، انہوں نے 77 رنز کی اننگ کھیلی۔
دوسرے اینڈ پر موجود کراچی ٹیسٹ کے مین آف دی میچ فواد عالم اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں 3 رنز کا اضافہ کرکے رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 45 رنز بنائے ۔
بابر اور فواد کے آؤٹ ہوجانے کے بعد رضوان اور فہیم اشرف بیٹنگ کے آئے تاہم 41 رنز کی شراکت کے بعد رضوان 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ یاسر شاہ کی تھی وہ 8 رنز بنا سکے، نعمان علی 8 اور شاہین شاہ صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف 78 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 78، بابر اعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
گزشتہ روز پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی، کھیل کے پہلے ہی سیشن میں ابتدائی 3 کھلاڑی 22 کے مجموعی پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد بابر اعظم اور فواد عالم نے ٹیم کو سہارا دیا ۔
پہلے دن چائے کے وقفے کے دوران ہی راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کے سبب پہلے دن کا کھیل مقررہ وقت سے قبل ہی ختم کرنا پڑگیا تھا۔
Comments are closed.