لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف سے 4 کاروباری شخصیات کو جیل میں ملنے کی اجازت دے دی۔
آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کر دیا۔
دورانِ سماعت نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے خواجہ آصف کے خلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں اپ گریڈ کر دیا ہے، خواجہ آصف کے خلاف کیس پہلے انکوائری اسٹیج پر تھا، اب انکوائری کو انویسٹی گیشن میں بدل دیا گیا ہے۔
دوران سماعت عدالت سے استدعا کی گئی کہ خواجہ آصف سے 4 کاروباری شخصیات ملنا چاہتی ہیں، جیل میں ان افراد کی ملاقات کی اجازت دی جائے۔
فاضل جج نے وکیل سے سوال کیا کہ یہ افراد خواجہ آصف سے جیل میں کیوں ملنا چاہتے ہیں؟
وکیل نے جواب دیا کہ نیب نے انکوائری کو انویسٹی گیشن میں بدلا ہے، نیب طارق میر کمپنی سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے، یہ افراد اس کمپنی سے متعلقہ ہیں۔
لاہور کی احتساب عدالت نے خواجہ آصف سے 4 کاروباری شخصیات کو جیل میں ملنے کی اجازت دے دی جبکہ خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18 فروری تک توسیع بھی کر دی۔
Comments are closed.