بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایم کیو ایم کا میئر کرپٹ تھا، مصطفیٰ کمال

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کا میئر کرپٹ تھا، پکڑا اس لیے نہیں جاتا کہ آج وہ حکومت کا حصہ ہیں، جس دن یہ حکومت سے باہر آئیں گے پکڑے جائیں گے۔

کراچی کی احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کرپٹ میئر پر آج اس لیے کوئی ریفرنس نہیں ہے کیونکہ وہ مرکزی حکومت کا حصہ ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہاکہ عمران خان نے سندھ کو پیپلزپارٹی کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے،عمران خان کی حکومت کو زرداری چلا رہے ہیں، پیپلزپارٹی چاہے تو ایک گھنٹے میں حکومت گرا دے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے،آج بات کریں گے پندرہ دن بعد یوٹرن لے لیں گے۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان آج سندھ حکومت کے خلاف ریلی نکالے گی۔

ان کاکہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی عوام کی آواز بنتی آئی ہے، آنے والا وقت پاک سرزمین پارٹی کا ہے،پیپلز پارٹی تو کراچی کی گنتی پر شور نہیں مچاتی،میں وفاق سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کراچی کی گنتی پوری کی جائے۔

مصطفیٰ کمال نے کہاکہ شہر کی آبادی کو غلط گنا گیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت کوئی کام صحیح نہیں کرسکتی،وفاق پی ایف سی ایوارڈ ہمیں ڈائریکٹ دے تو مسئلہ حل ہوجائے گا، ہمارے ٹیکسز کا پیسا وفاق کے پاس جاتا ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ کراچی والے چنگچی رکشے پر آگئے، بسوں کی چھتوں پر بھی جگہ نہیں،پہلے کوٹہ سسٹم ختم کرانے کیلئے کہتے تھے، اب کہتے ہیں کوٹہ سسٹم پر ہی نوکری کرا دو۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ کراچی کو13 سال میں ایک قطرہ اضافی پانی نہیں دیا گیا، ٹرانسپورٹ کی ایک نئی بس نہیں آئی، آج 70 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں،10 ہزار ارب خرچ کرنے والا صوبہ بچوں کو کتوں کے کاٹے سے نہیں بچا پا رہا۔

انہوں نے کہاکہ 13 سال میں سندھ کو این ایف سی کی مد میں 10ہزار 242 ارب روپے ملے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.