ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

پاکستان پہلا ملک ہے جسے کورونا ویکسین فراہم کی، چینی سفیر

چین سے آئی کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان کے حوالے کردی گئی۔چینی سفیر نونگ رونگ کاکہنا ہے کہ پاکستان پہلا ملک ہے جسے چین کورونا ویکسین فراہم کر رہا ہے، ویکسین کی فراہمی پاک چین کی لازوال دوستی کی مثال ہے۔

چین کی جانب سے پاکستان بھیجی گئی کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ کی حوالگی تقریب نور خان ایئر بیس پر ہوئی جس میں مہمان خصوصی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چین کے سفیر نونگ رونگ شریک ہوئے ۔

اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جسے چین کورونا ویکسین فراہم کر رہا ہے، ویکسین کی فراہمی پاک چین کی لازوال دوستی کی مثال ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین نے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی کا عملی مظاہرہ کیا،چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کو سات دہائیاں مکمل ہونے کو ہیں، ہم چین کے ساتھ تعلقات اور دوستی کے نئے باب رقم کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان، وزیراعظم اور عوام کی طرف سے چینی حکومت ، چینی صدر کاشکریہ ادا کرتاہوں، چین نے سب سے پہلے کورونا ویکسین پاکستان کو فراہم کی۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ چینی ہم منصب سے ویکسین کی دستیابی کیلئے بات چیت جاری تھی،چین نے بطور تحفہ پانچ لاکھ کورونا ویکسین فراہم کی ہیں۔

شاہ محمود نے کہا کہ ہم نےکووڈ 19 سے نمٹنے کا اعلان کیا، وزیراعظم عمران خان نے حکمت عملی بنائی ،این سی اوسی کام کرتارہا، چین کورونا کےدور میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہے، اس پرچینی حکومت،عوام کا شکر گزار ہوں۔

وزیرخارجہ کاکہنا تھا کہ چین کے ساتھ ہمارا تعلق اور دوستی لازوال ہے، چین اور پاکستان نے مل کر ایک ویکسین کا ٹرائل کیا تھا،اب ویکسین کے ٹرائلز مکمل ہوچکے ہیں۔

این سی اوسی کے مطابق پاک فضائیہ کاخصوصی طیارہ چین سےویکسین کی پہلی کھیپ لے کر پاکستان پہنچا ہے،ویکسین کو اسلام آباد میں مرکزی اسٹوریج سینٹر میں منتقل کیا جائے گا اور ہیلتھ گائیڈ لائنز مدنظر رکھتے ہوئے ویکسین وفاقی اکائیوں کوفراہم کی جائے گی،ویکسینیشن کا عمل ملک بھر میں 3 فروری سے شروع ہو گا۔

این سی او سی نے بتایا کہ ویکسین کی منتقلی کے پلان کو حتمی شکل دے چکے ہیں، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کو ویکسین طیاروں سے فراہم کی جائیگی، ویکسین کی پہلی کھیپ مکمل طور پر فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو لگائی جائے گی۔

این سی او سی کاکہنا ہے کہ فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز پاکستان کے اصل ہیروز ہیں جو وباء کیخلاف لڑ رہے ہیں۔

این سی او سی نے بتایا کہ ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کئے جاچکے ہیں،ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جائے گا،

پہلے مرحلے کیلئے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکزقائم کئے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں 280،بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کئے،جبکہ آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جائے گی۔

این سی او سی پوری ویکسینیشن مہم کے دوران نرو سنٹر کے طور پر کام کرے گا،ویکسینیشن کیلئے صوبے، ضلع اور تحصیل کی سطح پر بھی کور سینٹرز قائم کئے گئے ہیں،ویکسینیشن کا پورا عمل نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم کےساتھ کم سے کم انسانی مداخلت کے ساتھ کام کریگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.