بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

رائیونڈ میں آپریشن ہوا تو پرچہ وزیر قانون راجہ بشارت کے خلاف کٹوائیں گے، عطاتارڑ

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ اگر رائیونڈ کی جانب آنکھ اٹھا کر دیکھا تو شہزاد اکبر آپ کی بہت ساری چیزیں میرے پاس آچکی ہیں، اگر رائیونڈ میں آپریشن ہوا تو پرچہ وزیر قانون راجہ بشارت کےخلاف کٹوائیں گے۔

لاہور میں محکمہ بورڈ آف ریونیو کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعطا تارڑ نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کے افسران سے ملنے آئے تھے، جاتی امرا کا انتقال توڑا گیا اور پنجاب حکومت کا نام لکھا گیا، ہمیں جو کاغذات ہیں وہ مہیا کیے جائیں، اس کیس میں کوئی درخواست گزار نہیں ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ گمنام درخواست پر اینٹی کرپشن نے بورڈ آف ریونیو کو درخواست بھیجی، کسی کو نوٹس نہیں بھیجا گیا، جب اس کیس میں درخواست گزار ہی کوئی نہیں تو کارروائی کیسے کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  آپ نے اگر ہمیں نوٹس نہیں بھیجا تو کیا وحیدہ بیگم کو کوئی نوٹس بھیجا،  پانچ چھ دنوں کے اندر اتنی اسپیڈ لگا کر کام کیا، شمیم اختر جو دنیا ہی میں موجود نہیں ہیں ان کا انتقال توڑدیا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ آپ اگر کسی کی فوت شدہ والدہ کا احترام نہیں کرسکتے تو آپ انسانیت سےعاری ہیں،  کورونا میں بھی آپ کو شریف خاندان یاد رہتا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن  نے کہا کہ عمران نیازی ملتان میں شہباز شریف کے پراجیکٹ پر تختی لگا رہے ہیں، شریف خاندان نے اس ملک کی خدمت کی ہے، آٹا اور چینی مافیا آپ کے ساتھ ہیں نیب کو اس پر نوٹس لینا چاہیے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ندیم بابر کی وجہ سے بجلی مہنگی سے مہنگی ہوتی جائے گی،  ہمارا کیس سول کورٹ میں بھی لگا ہوا ہے، کوئی سرکاری ملازم ان کی غیر قانونی بات نہ مانے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نےحکومت پوری کرنیکی بات اس لیے کی تاکہ یہ پوری طرح ایکسپوز ہوجائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.