بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پنجاب کے 25 اضلاع میں کل سے اسکول بند کرنے کا اعلان

پنجاب کے وزیرِ تعلیم مرادراس نے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے باعث صوبے بھر کے 25 اضلاع میں سرکاری و نجی اسکول بندکرنےکا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان کے ذریعے وزیرِ تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا ہے کہ کل سے صوبے کے 25 اضلاع کے تمام سرکاری اور نجی اسکول غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ان 25 اضلاع میں نویں سے بارہویں جماعت کے طلباء ہفتے میں 2 دن اسکول بھی نہیں جائیں گے۔

مراد راس نے کہا ہے کہ جن اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہے وہاں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تازہ ترین صورتِ حال کے حوالے سے محکمہ صحت پنجاب نے بتایا ہے کہ صوبے میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد جبکہ دارالخلافہ لاہور میں 17 اعشاریہ 38 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب کے باقی 11 اضلاع میں اسکول ایس او پیز کے مطابق کھلیں رہیں گے، اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ مشکل ہے لیکن یہ طلباء اور اساتذہ کی حفاظت کے لیے کیا ہے۔

واضح رہے کہ تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 2 لاکھ 88 ہزار 598 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 7 ہزار 964 ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 611 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 118 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 3 ہزار 324 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 10 فیصد سے زائد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 117 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 95 ہزار 627 ہو چکی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.