بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کورونا وائرس کی شرح پنجاب میں 11 فیصد، لاہورمیں 17.38 فیصد ریکارڈ

پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تازہ ترین صورتِ حال کے حوالے سے محکمہ صحت پنجاب نے بتایا ہے کہ صوبے میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد جبکہ دارالخلافہ لاہور میں 17 اعشاریہ 38 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پنجاب میں گزشتہ روز 28 ہزار 207 کورونا ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 3 ہزار 56 مریضوں کا ٹیسٹ مثبت آیا، لاہور میں کیئے گئے 8 ہزار 213 کورونا ٹیسٹ میں سے 1 ہزار 428 کا نتیجہ مثبت آیا۔

پنجاب کے اسپتالوں میں 477 مریض آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ لاہور کے اسپتالوں میں 274 مریض آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 کروڑ 70 لاکھ 82 ہزار 658 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 31 لاکھ 13 ہزار 43 ہو گئیں۔

صوبے بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 67 کورونا وائرس کے مریضوں کا انتقال ہوا ہے، جبکہ لاہور میں 28کورونا مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔

 گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر میں 92، جبکہ لاہور میں 51 مریض آئی سی یو میں داخل کیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 2 لاکھ 88 ہزار 598 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 7 ہزار 964 ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 611 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 118 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 3 ہزار 324 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 10 فیصد سے زائد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 117 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 95 ہزار 627 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 55 ہزار 128 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 15 لاکھ 38 ہزار 771 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 88 ہزار 698 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 826 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 89 ہزار 812 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.