
سندھ کے ضلع مٹیاری میں اسپتال کے عملے کی مبینہ غفلت کے باعث ماں اور بچہ انتقال کر گئے۔
ورثاء نے اسپتال کے عملے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انصاف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
مٹیاری کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر یار محمد کھوسہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈاکٹرز کی 3 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ میں مڈ وائف کی غفلت اور ڈیوٹی ڈاکٹر کی عدم موجودگی کی شکایت ملی ہے۔
مٹیاری کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کا کہنا ہےکہ خاتون کی موت بچے کی پیدائش کے دوران زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ہوئی اور ایمبولینس ڈرائیور بھی چھٹی پر تھا اس لیے خاتون کو بر وقت دوسرے اسپتال منتقل نہیں کیا جاسکا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ خاتون کے ورثاء پرائیویٹ گاڑی میں مذکورہ خاتون کو لے کر حیدرآباد گئے تاہم خاتون راستے میں ہی انتقال کر گئیں۔
یار محمد کھوسہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعہ افسوس ناک ہے، غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed.