بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

لبنان : مظاہرین نے بلدیہ کی عمارتیں نذر آتش کردی

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنان کے شمالی شہر طرابلس میں مظاہرین نے بلدیہ کی عمارت کو آگ لگا دی۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے عبدالحمید کرامی اسکوائر سے طرابلس کی بلدیہ کا رخ کیا اور پھر اس کی عمارت پر پتھراؤ کیا اور آتش گیر بم پھینکے۔ اس کے نتیجے میں عمارت کے اندر بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بلدیہ کی عمارت پہنچیں، تاہم عملے کو آگ بجھانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، کیوں کہ عمارت کی مختلف منزلیں شعلوں کی لپیٹ میں تھیں۔ سیکورٹی فورسز نے عمارت میں آگ بھڑکانے کے عمل میں شریک افراد کا تعاقب کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے طرابلس میں سیاسی رہنماؤں کے گھروں کے آگے اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ اس دوران کچرے کے ڈبوں کو آگ لگا دی گئی اور سیکورٹی کیمرے توڑ ڈالے۔ احتجاج کرنے والوں نے عوام کے ابتر معاشی حالات کا ذمے دار سیاست دانوں کو ٹھیرایا۔ طرابلس میں جمعرات کے روز سیکورٹی فورسز اور مشتعل افراد کے درمیان جھڑپوں کے دوران ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ ہلاک ہونے والے کا نام عمر طیبہ ہے اور اس کی عمر 30 برس تھی۔ مقامی ذرائع ابلاغ اور عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین نے طرابلس میں ایک سرکاری عمارت پر دھاوا بولنے کی کوشش کی، جس پر انسدادِ ہنگامہ آرائی فورس نے فائرنگ کر دی۔ واقعے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ طرابلس شہر کے واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے لبنان کے نامزد وزیر اعظم سعد حریری نے ایک بیان میں کہا کہ طرابلس میں جمعرات کی شب جو کچھ ہوا وہ ایک منظم مجرمانہ عمل ہے۔

The post لبنان : مظاہرین نے بلدیہ کی عمارتیں نذر آتش کردی appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.

بشکریہ جسارت
You might also like

Comments are closed.