وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف 70 سال کی عمر کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، ہم عدالتوں کے فیصلوں کو مانتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کسی بھی مقدمے میں ضمانت ہونا یہ دلیل نہیں کہ کیس جھوٹا ثابت ہوگیا، کنیزوں اور غلاموں کا بغلیں بجانا ان کی عادت ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیب نے اس فیصلے کیخلاف اپیل میں جانا ہے یا نہیں یہ ان کا استحقاق ہے، ایک طرف 50 ہزار اور دوسری طرف کروڑوں روپے فیس لینے والا کھڑا ہوتا ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ اکیلا عمران خان سارے کام نہیں کرسکتا، عدالتوں کا کام سزائیں دینا اور بری کرنا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چچا بھتیجی میں کیا معاملات طے پائے ہیں یہ ان کا خاندانی معاملہ ہے، ان کے میگا منصوبوں کی قیمت یہ قوم ادا کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون سیٹ فارمیٹ کو فالو کرے گا ان کی خواہشوں کو فالو نہیں کرے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کا کام جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کرنا ہے، یکساں احتساب کے نظام کو آگے بڑھانا حکومت کا مشن ہے۔
Comments are closed.