امریکا کے شہر میامی میں ایک وائرل ویڈیو نے طوفان کھڑا کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے میامی کے ایک شاپنگ مال کے باہر کئی نوجوانوں میں لڑائی ہوئی تھی جسے کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی تھی۔
اسی واقعے کی ویڈیو میں سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ اس میں 10 فُٹ لمبی خلائی مخلوق (ایلیئن) کو دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے اتنی بدگمانیاں پیدا کی گئیں کہ بلآخر پولیس کو مداخلت کر کے بیان جاری کرنا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس نے واضح کیا کہ بھاری نفری صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے شاپنگ مال کے باہر پہنچی تھی اور وہاں کوئی عجیب و غریب مخلوق موجود نہیں تھی۔
رپورٹس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری کے پہنچنے کے بعد سوشل میڈیا پر افواہیں پھیل گئی تھیں کہ پولیس نوجوانوں کی لڑائی کو کنٹرول کرنے کے لیے نہیں بلکہ 8 سے 10 فُٹ لمبی خلائی مخلوق کی موجودگی کی وجہ سے علاقے میں پہنچی ہے۔
ابتدائی طور پر جائے وقوعہ سے موصول ہونے والی دھندلی اور خراب کوالٹی کی ویڈیو کی وجہ سے قیاس آرائیوں نے جنم لیا تاہم بعدازاں صاف ویڈیو نے ظاہر کردیا کہ وہ کوئی خلائی مخلوق نہیں بلکہ موقع پر موجود 2 سے 3 پولیس اہلکار تھے جو کہ بہت قریب گاڑیوں کے درمیان سے گزر رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق افواہیں پھیلانے والوں نے علاقے سے گھبراہٹ میں بھاگنے والے لوگوں کی ویڈیوز کو بھی آپس میں ملا دیا تھا اور دعویٰ کیا کہ وہاں واقعی میں کوئی خلائی مخلوق موجود ہے۔
Comments are closed.