الیکشن کمیشن کو انتخابی فہرستوں کی درستگی تک ملک میں عام انتخابات کےلیے الیکشن شیڈول جاری کرنے سے روکنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں کل سماعت ہو گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کل درخواست پر سماعت کریں گے۔
شہری کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن کا نادرا ریکارڈ میں اندراج کیا گیا جو انتخابی فہرستوں میں شامل ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے نام انتخابی فہرستوں میں شامل ہونا آئین کی منشا کے خلاف ہے۔ ایسے تمام افراد جنہوں نے فراڈ سے قومی شناختی کارڈز بنوائے ان کے نام انتخابی فہرستوں سے حذف کیے جائیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے نام انتخابی فہرستوں سے نکالنے اور پاکستان میں رہنے والے غیر قانونی مہاجرین کے شناختی کارڈز منسوخ یا بلاک کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور پٹیشن پر فیصلے تک الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے لیے الیکشن شیڈول جاری کرنے سے روکا جائے۔
Comments are closed.