سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں الآصف اسکوائر کے اطراف تجاوزات ایک ہفتے میں ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں الآصف اسکوائر، ایم نائن کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے میں الآصف اسکوائر کے اطراف تجاوزات ختم کروائی جائیں۔
عدالت نے کہا کہ الآصف اسکوائر سے ٹول پلازہ تک تمام تجاوزات 1 ماہ میں ختم کروائی جائیں، رینجرز اور پولیس تجاوزات کے خاتمے میں انتظامیہ کی مکمل مدد کرے۔
عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز اور پولیس انتظامیہ کو مطلوبہ نفری بھی فراہم کریں اور تجاوزات ختم کر کے سروس روڈ، گرین بیلٹ پر فوری بیوٹیفکیشن کی جائے۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ، ڈی جی رینجرز ، ایس ایس پی ویسٹ، ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے کو عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11 جنوری 2024ء تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed.