آئی سی سی ورلڈ کپ کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے بھی پاکستان کو شکست دے دی۔ قومی ٹیم کی ورلڈ کپ مہم ناکامی کیساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کےلیے 338 رنز کا ہدف جس کے تعاقب میں قومی ٹیم 244 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
اوپنر عبداللّٰہ شفیق دوسری ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان صرف ایک رن کے مہمان ٹھہرے۔
کپتان بابر اعظم 38، محمد رضوان 36 اور سعود شکیل 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ افتخار احمد صرف 3 رنز بناسکے۔
پاکستان کی ساتویں وکٹ شاداب خان کی صورت میں 150 رنز پر گری۔ شاداب کو عادل رشید نے 4 پر بولڈ کیا۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ 186 رنز پر گری جب سلمان علی آغا 37ویں اوور میں 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نویں وکٹ شاہین آفریدی کی صورت میں گری وہ 25 رنز بنا کر ایٹکنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
آخری وکٹ پر حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر 53 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ وسیم نے 16 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، حارث 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے ساتھ ہی پاکستان کو اس میچ میں 93 رنز سے شکست ہوئی۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولے نے 3 جبکہ معین علی، عادل رشید اور گس ایٹکنسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آخری وکٹ کرس ووکس نے لی۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ملان اور جونی بیرسٹو نے اننگز کا آغاز کیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 13.3 اوورز میں 82 رنز تک پہنچایا جس کے بعد انگلینڈ کی پہلی وکٹ گر گئی۔
افتخار احمد نے پاکستان کے لیے پہلی وکٹ حاصل کی، ڈیوڈ ملان 31 رنز بنا کر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی دوسری وکٹ 18.2 اوورز میں 108 رنز پر گری جب حارث رؤف کی گیند پر جونی بیرسٹو 59 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
تیسری وکٹ پر بین اسٹوکس اور جو روٹ کے درمیان 132 رنز کی پارٹنرشپ نے انگلینڈ کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کردیا۔
انگلینڈ کو تیسرا نقصان بین اسٹوکس کی صورت میں اٹھانا پڑا جب 84 رنز بنانے والے اسٹوکس کو 240 کے مجموعے پر شاہین آفریدی نے 41ویں اوور کی پہلی گیند پر بولڈ کردیا۔
اس کے بعد پاکستانی بولرز نے وکٹیں لینے کا سلسلہ تو شروع کیا، تاہم دوسری جانب اپنی وکٹوں گنوانے سے قبل انگلش بیٹرز رنز بھی بٹورتے رہے۔
ہیری بروک نے 30، جوز بٹلر نے 27، ڈیوڈ ولے 15، معین علی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کرس ووکس 4 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔
انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین وکٹیں لیں جبکہ محمد وسیم اور شاہین آفریدی نے 2، 2 اور افتخار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کے ڈیوڈ ولے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ورلڈکپ میں پاکستان اپنے 9 میں سے صرف 4 ہی میچز جیت سکی۔ قومی ٹیم نے مسلسل دوسری مرتبہ 50 اوور فارمیٹ میں ورلڈکپ کا اختتام 5ویں پوزیشن پر کیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کےلیے کوالیفائی کرلیا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے، زیادہ سے زیادہ اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔
جوز بٹلر نے کہا کہ ڈیوڈ وِلی آج انگلینڈ کی جانب سے آخری انٹرنیشنل میچ کھیل رہے ہیں، ہم نےٹیم میٹنگ میں یہی فیصلہ کیا ہے کہ آج کا میچ انجوائے کریں گے۔
پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ارادہ تھا، ٹیم میں ایک تبدیلی ہے، حسن علی کی جگہ شاداب خان شامل ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ فخر زمان کی بیٹنگ سب انجوائے کرتے ہیں، آج کے میچ میں تمام کھلاڑی اپنی بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلا جا رہا ہے۔
ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کا یہ آخری میچ ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ دونوں نے اب تک 8، 8 میچز کھیلے ہیں، پاکستان نے اپنے 4 اور انگلینڈ نے اپنے 2 میچز جیتے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان پانچویں اور انگلینڈ ساتویں نمبر پر ہے۔
Comments are closed.