بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

فردوس عاشق، سلیم بریار کو شوکاز نوٹس جاری

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ہونے والے آج کے انتخاب کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سیالکوٹ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور مسلم لیگ ق کے رہ نما چوہدری سلیم بریار کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

ڈسکہ ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سیالکوٹ کی جانب سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور چوہدری سلیم بریار کو شوکاز نوٹس جاری کیئے گئے ہیں۔

این اے 75 کے انتخاب کے سلسلے میں گزشتہ رات ڈسکہ میں کالج روڈ پر ہونے والی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی کارنر میٹنگ میں ڈسکہ کیلئے 50 کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا گیا جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سیالکوٹ کی جانب سے جاری کیئے گئے شوکاز نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ ق لیگ کے سینئر وائس پریزیڈنٹ چوہدری سلیم بریار نے 9 اپریل کو حلقے کا دورہ کیا۔

نوٹس کے مطابق سلیم بریار نے 50 کروڑ کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سیالکوٹ کے نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں حلقے کیلئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جو ضابطہء اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

نوٹس میں چوہدری سلیم بریار اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو 2 دن کے اندر جواب داخل کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.