پیر 15؍ربیع الاول 1445ھ2؍اکتوبر 2023ء

آئی جی پنجاب کا دہشت گردوں کو نشان عبرت بنانے کا عزم

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے شیر کے منہ میں ہاتھ ڈال دیا، انہیں نشان عبرت بنائیں گے۔

میانوالی میں پی ایچ پی چیک پوسٹ کنڈل کے دورے کے موقع پر آئی جی پنجاب نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے بہادر پولیس جوانوں سے ملاقات کی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے 4 جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر نقد انعام سے نوازا۔

ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عثمان انور نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) جوانوں کو 5 لاکھ جبکہ چیک پوسٹ پر تعینات تمام جوانوں کو 30 لاکھ روپے نقد انعام دیے۔

آئی جی پنجاب نے پٹرولنگ پوسٹ کنڈل کے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا اور کہا کہ پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کنڈل چیک پوسٹ کا نام شہید ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان کے نام پر رکھا جائے گا۔

ڈاکٹر عثمان انور نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، دہشت گردوں نے شیر کے منہ میں ہاتھ ڈالا ہے، ان کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کل رات کو ہم نے 2 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا، باقی کو بھی نہیں چھوڑیں گے، چیک پوسٹیں دشمن کے حملوں کو روکنے کےلیے بنائی گئی ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ نہ ہم پہلے گھبرائے ہیں اور نہ آئندہ گھبرائیں گے، دشمن کو آگے بڑھ کر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.