بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

نیب کا کام سیاسی بیانات پر کارروائی کرنا نہیں، مریم نواز

لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت 28 اپریل تک ملتوی کردی، مریم نواز کا جمع کرائے گئے جواب میں کہنا ہے کہ نیب کا کام کرپشن روکنا ہے سیاسی بیانات پر کارروائی کرنا نہیں۔

جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل بینچ نے لاہور ہائیکورٹ میں نیب کی جانب سے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔

مریم نواز کے وکیل کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا،اس پر نیب نے مریم نواز کا جواب دیکھنے کے لئے وقت مانگ لیا، عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

مریم نواز کا جواب میں کہنا ہے کہ نیب کے کیسز اور گرفتاریاں آواز دبانے کی کوشش ہے، نیب سیاسی انجینئرنگ کا کردار ادا کر رہا ہے، نیب کی درخواست سے بظاہر لگتا ہے کہ چیئرمین نیب حکومت کے ترجمان ہیں۔

جواب میں مریم نواز نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر مل میں ضمانت منظور کی، لاہور ہائیکورٹ نے نیب کا موقف سننے کے بعد میرٹ پر ضمانت منظور کی تھی۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ نیب کا کام کرپشن روکنا ہے سیاسی بیانات پر کارروائی کرنا نہیں، حکومتی ایما اور سیاسی بنیادوں پر نیب کارروائی کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ درخواست گزار چیئرمین نیب کا دائر درخواست میں موقف ہے کہ مریم نواز چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ الزامات میں ضمانت پر ہیں، مریم نواز مسلسل ریاستی اداروں پر حملے کر رہی ہیں،وہ ریاست مخالفت پراپیگنڈہ میں مصروف ہیں۔

نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ مریم نواز نے روایتی انداز میں جواب نیب کو بھجوایا، مریم نواز پیش نہ ہو کر نیب کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں، وہ جان بوجھ کر ریاستی اداروں کی ساکھ خراب ہونے کے بیانات دے رہی ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے درخواست میں استدعا کی کہ مریم نواز کی چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منسوخ کی جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک ضمانت کا حکم معطل کیا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.