پیر 26؍محرم الحرام 1445ھ14اگست2023ء

ہاکی ایشین چیمپئنز ٹرافی: بھارت سے شکست، پاکستان ایونٹ سے آؤٹ

بھارت میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان راؤنڈ رابن کے آخری میچ میں میزبان بھارت کے ہاتھ شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

چنئی میں بھارتی ٹیم کھیل کے زیادہ دورانیہ پر چھائی رہی۔ 15ویں منٹ میں بھارت کو پنالٹی کارنر ملا جس کو ہرمن پریت سنگھ نے گول میں تبدیل کیا۔

میچ کے 23 ویں منٹ میں ہرمن پریت نے دوسرا گول اسکور کرکے گیم بھارت کے حق میں 0-2 کردیا۔

میچ کے تیسرے کوارٹر میں جگراج سنگھ نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کیا یوں 31ویں منٹ میں کھیل کا اسکور بھارت کے حق میں 0-3 ہوا۔

میچ کے 55ویں منٹ میں آکاش دیپ سنگھ نے بھارت کا چوتھا گول اسکور کیا۔

میچ میں 0-4 کی شکست کے ساتھ پاکستان ایونٹ میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

پاکستان ٹیم کے پانچ میچز میں 5 پوائنٹس رہے۔ جاپان اور جنوبی کوریا کے بھی پانچ، پانچ پوائنٹس تھے مگر پاکستان منفی 5 کے گول ڈفرنس کی وجہ سے ٹاپ فور میں نہ آسکا۔

یہ ایشین چیمپئنز ٹرافی کا ساتواں ایڈیشن ہے، پاکستان نے ابتدائی پانچ ایڈیشن میں ہر بار فائنل کھیلا جبکہ 2021 میں اس نے سیمی فائنل کھیلا تھا۔

2023 کی سیمی فائنل لائن اپ پاکستان کے بغیر رہے گی۔

ایونٹ کے سیمی فائنل میں جاپان کے علاوہ بھارت، ملائیشیا اور جنوبی کوریا نے کوالیفائی کیا۔ بھارتی ٹیم 13 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر رہی، ملائیشیا کا 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا نمبر رہا۔ جنوبی کوریا کی تیسری اور جاپان کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر رہی۔

سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ جاپان اور جنوبی کوریا کا ملائیشیا سے ہوگا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان قومی ہاکی ٹیم عمر بھٹہ نے کہا کہ آج بھی میچ کا آغاز اچھا کیا تھا لیکن فنش اچھا نہیں کرسکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملائیشیا کے خلاف میچ اچھا نہیں کھیل سکے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.