منگل 4؍صفر المظفر 1445ھ22؍اگست 2023ء

جعلی پولیس مقابلے میں طالب علموں کو زخمی کرنیوالے ایس ایچ او کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں کمسن طالب علموں کو زخمی کرنے میں ملوث اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کردی گئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کراچی کی عدالت میں کمسن طالب علموں کو مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں زخمی کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ایس ایچ او ہدایت حسین کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ایس ایچ او کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کردی۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ گرفتار ملزم ہدایت حسین کا کریمنل ریکارڈ چیک کروانا ہے، گواہان کے بیانات قلم بند کرنے ہیں، کیس میں مفرور 3 پولیس اہلکاروں ثاقب،جنید اور اویس کو گرفتار کرنا ہے۔

ملزم کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ ایس ایچ او ہدایت حسین کو غلط طور پر ملوث کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ27 جولائی کو الفلاح تھانے کی حدود میں مبینہ مقابلے میں دو طالب علم زخمی ہوگئے تھے، زخمی طالب علموں میں 14 سال کا فہیم اور 16 سال کا نور محمد شامل ہے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس کی تحقیقات میں مقابلہ جعلی ثابت ہونے پر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.