سندھ کے سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمٰن میمن نے آج کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد سے ملاقات کی۔ ڈائریکٹر پریس انفارمیشن حسن اصغر نقوی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمٰن میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پریس کلب کے اراکین کو دیے گئے پلاٹوں پر مبنی صحافی کالونیوں کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے جس کے لئے سندھ حکومت کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کے نمائندوں اور کراچی پر یس کلب کے صدر اور سیکریٹری پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
صوبائی سیکریٹری اطلاعات نے مزید کہا کہ اس کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے آج ان کی پریس کلب آمد کامقصد بھی یہی ہے کہ مذکورہ کمیٹی کے اجلاس سے قبل پریس کلب کے صدر اور سیکریٹری کی مشاورت سے کمیٹی کا پہلا اجلاس بلانے کے لئے ضروری صلاح مشورہ کیا جائے۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس اگلے ہفتے منعقد کیا جائے۔ اجلاس میں کراچی پریس کلب کے بقایا اراکین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ صحافی کالونی اسکیم 42 سے تجاوزات کو ہٹانے اور اس کے مختلف بلاکس میں ترقیاتی کام کے جلد آغاز، صحافی کالونی نیو ملیر ہاؤسنگ سوسائٹی اور صحافی کالونی تیسر ٹاؤن کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
اجلاس کے آخر میں کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے صوبائی سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمٰن میمن کی جانب سے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ سندھ حکومت نے صحافیوں کی بہبود کے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں۔
Comments are closed.