ہفتہ 24؍محرم الحرام 1445ھ12؍اگست 2023ء

15 ماہ میں وزیراعظم کو ملنے والے تمام قیمتی تحائف نیلام کرنے کی منظوری

وزیراعظم شہباز شریف نے توشہ خانہ تحائف نیلام کرکے رقم یتیم بچوں کی تعلیم اور بہبود پر خرچ کرنے کی ہدایت دے دی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے اجلاس کے دوران 15 ماہ میں وزیراعظم کو ملنے والے تمام قیمتی تحائف نیلام کرنے کی منظوری دے دی، تحائف کی نیلامی کے عمل میں عوام بھی حصہ لے سکیں گے۔

وفاقی کابینہ نے قومی موسیقی پالیسی کے مسودے اور قومی ہوا بازی پالیسی 2023 کی منظوری دے دی۔ خصوصی سرمایہ کاری کونسل کی مختلف کمیٹیوں میں ارکان کی شمولیت کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قانون اور اطلاعات کے وزراء اپیکس کمیٹی اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن ہوں گے، سیکریٹری خارجہ ایگزیکٹیو کمیٹی اور عملدرآمد کمیٹی کے رکن ہوں گے، ڈاکٹر جہانزیب خان کی بطور سیکریٹری اپیکس کمیٹی تقرری کی منظوری دی گئی۔

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی (ایکنک) اجلاس میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے 16 ارب 80 کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے قومی ٹیرف کمیشن کے تکنیکی و غیر تکنیکی ارکان کی تقرری کی منظوری دی، رشید شیخ، نعیم انور، اقبال تابش، احمد شیراز نان ٹیکنیکل ممبر تعینات، عمران ضیاء قومی ٹیرف کمیشن میں بطورٹیکنیکل ممبر تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی/سی ای او کی تقرری کیلئے دوبارہ اشتہار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سیلم اللّٰہ کو نائب گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

سلمان ایس مہدی کو اسٹیٹ لائف انشورنس میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز مقرر کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ ارشد سلیم خٹک کو سی ای او ریلوے اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کمپنی مقرر کر دیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ 14 اگست پر جیلوں میں قیدیوں کو سزا میں دُگنی رعایت دی جائے گی، اس رعایت کا قانون کے مطابق تمام قیدیوں پر اطلاق ہوگا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہزارہ ایکسپریس حادثے میں جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.