پیر 12؍محرم الحرام 1445ھ31؍جولائی2023ء

کچے کے ڈاکو اب آخری سانسیں لے رہے ہیں: وزیرِ اعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کچے کے ڈاکو اب آخری سانسیں لے رہے ہیں۔

اوباڑو میں حفاظتی بند پر قائم پولیس چوکی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچے میں تعینات پولیس کے لیے الاؤنس دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی تمام ضرورتیں پوری کر دی ہیں، گھوٹکی کے 70 کلو میٹر تک 140 پولیس چوکیاں قائم کی ہیں، ضلع گھوٹکی میں اس وقت ایک بھی اغوا برائے تاوان کا مغوی نہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال گھوٹکی پولیس نے 70 ڈاکو مارے اور 40 افراد کو اغواء ہونے سے بچایا، 30، 35 ہزار کمانے والا غریب کیا تاوان ادا کر سکتا ہے؟

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ وزارت داخلہ سے بات چل رہی ہے جدید ہتھیار بھی مل جائیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمور سے اغواء ہوئے اقلیتی برادری کے دو افراد کو جلد بازیاب کر الیا جائے گا۔

اس سے قبل ایک بیان میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے کہا تھا کہ مراد علی شاہ گھوٹکی اور کشمور اضلاع کے کچے میں قائم پولیس چوکیوں کا معائنہ کریں گے اور کچے میں تعینات پولیس اہلکاروں سے ملاقات بھی کریں گے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ گڈو بیراج پر سیلابی صورتف حال کا جائزہ بھی لیں گے اور زیرِ تعمیر گھوٹکی کشمور پل کے کام کا جائزہ بھی لیں گے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ایس ایس پی کشمور کے آفس میں اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ ایم پی اے اسلم ابڑو سے ان کے بھائی اور بھتیجے کے قتل پر تعزیت بھی کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.