سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا ایک مقصد تھا کہ آئینی، انسانی حقوق دلائے جائیں، انشاء اللّٰہ اس کے لیے ہم آواز اُٹھاتے رہیں گے، تمام اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس جاری ہے جس میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر بننا بہت مشکل ہے، میں ایم این اے کا الیکشن لڑتا رہا اس لیے معلوم نہیں سینیٹر کا انتخاب کتنا مشکل ہے،میں نے پی ڈی ایم کے تعاون سے سینیٹ الیکشن لڑا۔
یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلوں گا،ہم پی ڈی ایم میں آئینی حقوق ،خواتین ،اقلیت دیگر کی آواز بنے ، ہم عوامی مفاد کیلئے آئے ہیں، عوام کی ترجمانی کرنا فرائض میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو کئی چیلنج درپیش ہیں، ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، میں وزیراعظم تھا اور وزراء کو ایوان میں جواب دینےمیں مشکل ہوتی تو میں جواب دیتا تھا،اگر کبھی مشکل پیش آئی تو ہم حکومت کی جانب سے بھی بولیں گے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اس ملک میں جو تکالیف ہیں اس کا تدارک ہم سب کو کرنا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہم سب ایک ہیں، شبلی فراز سے ملنے کا موقع ملا تو انہوں نے مجھے ایک شعر سنایا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا تھا سینیٹ میں زیادہ عمر کے لوگ ہیں لیکن آج دیکھا تو یہاں نوجوان زیادہ ہیں،گیلانی نے پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ سینیٹ میں اپنی تقریر مکمل کی۔
قائد ایوان سینیٹر شہزاد وسیم کی جانب سے ایوان بالا میں پیش کی گئی قائمہ کمیٹیوں اور ہاؤس کمیٹی کی تشکیل کی تحریک منظور کرلی گئی ، شہزاد وسیم نے کہاکہ کمیٹیوں کی تشکیل کا اختیار چیئرمین سینیٹ کو دیا جائے۔
سینیٹ نےقائد ایوان کی تحریک متفقہ طور پر منظور کرلی۔
Comments are closed.