وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان نے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے منع کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے مریم نوازکی کوئی درخواست نہیں آئی ہے، وزیرِ اعظم عمران خان سے پوچھا تھا کہ مریم نام نکالنے کی اگر درخواست دیں تو انہوں نے جواب دیا کہ سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔
انہوں نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈ ی ایم) ٹھس ہوگئی، ٹائیں ٹائیں فش ہو گئی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن اور مریم نواز شریف کو اللّٰہ پاک صحت دیں، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی ڈر نہیں، آر ہوا نہ پار ہوا، اپوزیشن کا کام تمام ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کو نوٹس دے رہی ہیں، جہانگیر ترین صاحب نے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔
وزیرٍِ داخلہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی سیاست کا محور اور زندگی اور موت کا سوال ہے، جب تک 370 واپس نہیں ہوتا بھارت سے تجارت نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کو اپنی شہہ رگ سے قریب سمجھتا ہوں، جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، بھارت سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکتا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے یہ بھی کہا کہ ہم نے بہتر انداز میں کورونا وائرس کی پہلی دو لہروں کا مقابلہ کیا ہے، اب بھی کریں گے۔
Comments are closed.