کینیڈا کی ایئرلائن نے ٹورنٹو سے پاکستان کے تین بڑے شہروں کےلیے جلد براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نئی کینیڈین ایئرلائن زارا ایئرویز کی جانب سے اس سلسلے میں تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔
زارا ایئرویز کی پروازیں ٹورنٹو سے پاکستان کےلیے آپریٹ کی جائیں گی۔
اس سلسلے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فقیر باور حسین بخاری کا کہنا تھا کہ ان کا ارادہ ہے کہ بہت جلد زارا ایئرویز کا آپریشن شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اپنے ساتھ شاہین ایئرپورٹ سروس کو شامل کیا ہے۔ شاہین ایئرپورٹ سروس میں ہم ان کی گراؤنڈ سروس کیبن کریو اور دیگر اسٹاف استعمال کریں گے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) زارا ایئرویز سید قلی نے تقریب میں بتایا کہ کمپنی کینیڈا سے این او سی کا انتظار کر رہی ہے، کوشش ہے اگست میں اپنے آپریشن کا آغاز کریں۔
سید قلی نے بتایا کہ مسافروں کی بڑی تعداد براہ راست فلائٹس لینا چاہتی ہے جو وہ فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایڈوائزر کی حیثیت سے سابق منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) پی آئی اے اعجاز ہارون کمپنی کو رہنمائی فراہم کریں گے۔
اعجاز ہارون نے بتایا کہ ڈائریکٹ آپریشن مسافروں کی ترجیح ہے، بزرگ مسافروں کو کنیکٹنگ فلائٹس اور بڑے بڑے ایئرپورٹ پر مسافت سے بچانا ہمارا مقصد ہے۔
اعجاز ہارون نے مزید کہا کہ لوگ چاہتے ہیں ان کے بزرگ اور فیملی کینیڈا سے چلیں اور ڈائریکٹ پاکستان ان کی منزل ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ایئر کینیڈا سے بات چیت جاری ہے وہاں کے ایوی ایشن قوانین کے مطابق معاملات حل کر رہے ہیں۔
سید قلی نے مزید بتایا کہ دو 777 ایل آر طیاروں سے آپریشن شروع کریں گے اور سول ایوی ایشن سے سلاٹس ملنے پر طیاروں کی تعداد بڑھا بھی سکتے ہیں۔
Comments are closed.