قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی ایک دلچسپ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
یہ تصویر دونوں قومی کرکٹرز کے ہارورڈ بزنس اسکول کے بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور اسپورٹس (BEMS) کے ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام میں شامل ہونے سے ایک دن پہلے سامنے آئی ہے۔
دراصل یہ تصویر بابر اعظم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔
اس تصویر میں بابر کو صوفے پر لیٹ کر اور رضوان کو زمین پر بیٹھے پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ’یہ کیا ہورہا ہے؟‘
بابر اعظم کی اس پوسٹ کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے اور دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان امریکی ریاست میسیچوسٹس کے شہر بوسٹن میں موجود ہارورڈ بزنس اسکول کے کیمپس میں31 مئی سے 3 جون تک منعقد ہونے والے ایجوکیشن پروگرام میں شرکت کرنے والے پہلے دو کرکٹرز ہیں۔
ایجوکیشن پروگرام کے بعد، یہ دونوں کرکٹرز 13جون تک امریکا میں مختلف کمیونٹیز سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اس ایجوکیشن پروگرام میں شرکت کرنے کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میں زندگی بھر سیکھتے رہنے والوں میں سے ہوں اور میری پروفیسر ایلبرس اور طلحہ رحمانی کے ساتھ اس پروگرام کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔
اُنہوں نےکہا کہ ہارورڈ میں اس عالمی معیار کے پروگرام میں شامل ہونے کا مقصد کچھ نیا سیکھنا اور اسے آگے دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچانا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس پروگرام میں دنیا کے کونے کونے سے آنے والے انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور کھیل کے میدان سے وابستہ حیرت انگیز کھلاڑیوں اور اعلیٰ کاروباری عہدیداروں سے سیکھنے کے لیے بہت سی چیزیں موجود ہیں۔
دوسری جانب محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ایسے باوقار عالمی اسٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ ہم ہارورڈ کے اس ایجوکیشن پروگرام میں جا رہے ہیں تاکہ دنیا کے بہترین لوگوں سے سیکھ سکیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ایک دلچسپ سفر ہوگا، اور میں کرکٹ کی دنیا میں نئے آنے والے سپر اسٹارز کے ساتھ اپنے ان تجربات کا اشتراک کرنے کا منتظر ہوں۔
Comments are closed.