وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری میں فوج کا قطعاً کوئی کردار نہیں تھا۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کو فوج یا رینجرز نے گرفتار نہیں کیا تھا، رینجرز نے عمران خان کی گرفتاری میں پولیس کی مدد کی تھی، عمران خان فوج پر غلط الزامات لگا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان اب فوجی تنصیبات پر حملے کی توجیح پیش کر رہے ہیں، ان کے الزامات بالکل غلط ہیں، وہ لوگوں کو اکسانے اور منظم حملوں کے جواز کا بہانہ تلاش کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ تحریکِ انصاف پر پابندی کے حوالے سے ابھی اتحادیوں سے مشاورت اور بحث شروع نہیں ہوئی، اگر پی ٹی آئی پر پابندی کی فوری ضرورت پڑی تو اتحادیوں سے مشورہ بھی کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف پر پابندی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ تحریکِ انصاف مذاکراتی کمیٹی بنانے کے ساتھ متبادل کمیٹی بھی بنا دے، اگر مذاکراتی کمیٹی پی ٹی آئی چھوڑ جائے تو کوئی متبادل انتظام بھی ہونا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف پاکستان ضرور آئیں گے۔
Comments are closed.